فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی محکمہ اوقاف ومذہبی امور کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ منگل کے روز صبح سے سہ پہر تک 221 یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کی۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج اورپولیس کی بھاری نفری یہودی شرپسندوں کی سیکیورٹی پر تعینات کی گئی تھی۔ یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ میں داخل ہو کر مقدس مقام کی بے حرمتی کی، اشتعال انگیز حرکات کاارتکاب کیا اور تلمودی تعلیمات کی آڑ میں مذہبی رسومات ادا کیں۔
درایں اثناء گرین لائن[سنہ 1948ءکے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سرگرم اسلامی تحریک نے یہودی آباد کاروں کے دھاؤں کی روک تھام کے لیے فلسطینیوں سے قبلہ اوّل آمد کی اپیل کی ہے۔
اسلامی تحریک کے نائب صدر الشیخ کمال الخطیب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ‘فیس بک‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں فلسطینی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ یہودی اشرار کی شرانگیزی کا مقابلہ کرنے کے لیے گھروں سے نکلیں اور قبلہ اوّل کے ساتھ اپنا رشتہ مضبوط بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم کو اپنے قول وعمل سے یہ ثابت کرنا ہے کہ قبلہ اوّل تنہا نہیں ہے۔ پوری فلسطینی قوم دفاع قبلہ اوّل کے لیے تن من دھن کی قربانی دینے کو تیار ہے۔