(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض اسرائیلی حکام نے مقبوضہ بیت المقدس میں مسجد اقصیٰ کے قریب ایک فلسطینی شہری کا مکان غیرقانونی قرار دے کر مسمار کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق صہیونی پولیس اور بیت المقدس کی بلدیہ کے اہلکاروں نے گذشتہ روز مسجد اقصیٰ کے سلوان ٹاؤن کی البستان کالونی میں وقع یاسین الرجبی نامی شہری کا مکان مسمار کرنے کے لیے مالک مکان کو نوٹس جاری کیا۔یاسین الرجبی کی اہلیہ نے بتایا کہ اسرائیلی انتظامیہ کی جانب سے انہیں مکان مسمار کرنے کے لیے اب تک چار نوٹس موصول ہوچکے ہیں تاہم وہ اپنا گھر مسمار کرنے یا اسے چھوڑنے پر ہرگز تیار نہیں کیونکہ ان کا مکان مکمل قانونی دستاویزات کے مطابق تیار کیا گیا ہے۔
گذشتہ روز اسرائیلی پولیس نے سلوان ہی کے مقام پر فلسطینی شہریوں کی تجارتی املاک کو مسمار کرنے کے بھی متعدد نوٹس جاری کیے۔ ان نوٹسز میں بھی کہا گیا ہے کہ فلسطینیوں کے مذکورہ مکانات اسرائیلی بلدیہ کی اجازت کے بغیر تعمیر کررکھے ہیں۔
