مسجد اقصیٰ کی تعمیرو مرمت کی ذمہ دار تنظیم "اقصیٰ فاؤنڈیشن وٹرسٹ” نے قبلہ اول کے دو اطراف میں دو اہم یہودی مراکز کی تعمیرکے صہیونی منصوبوں کا انکشاف کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق منگل کو اقصیٰ فاؤنڈیشن کی جانب سے جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ قبلہ اول کے جنوب اور مغربی سمتوں میں دو الگ الگ یہودی مراکز کی تعمیر کے لیے زمین کی کھدائی شروع کردی گئی ہے۔ اسرائیلی وزارت داخلہ کے انتظامی شعبے نے دونوں "یہودی مراکز” کی تعمیر کے لیے ایک تکنیکی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جو تمام تر تعمیراتی مراحل کا جائزہ لینے کے بعد ان پر جلد از جلد کام شروع کردے گی۔ البتہ اتبدائی طورپر ان دونوں مراکز کے لیے زمین کی کھدائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی مغربی سمت میں "جوہر ہاؤس ۔ دیوار گریہ ثقافتی مرکز” کے نام سے ایک "یہودی مرکز” بنایا جا رہا ہے جبکہ جنوب کی سمت میں "کیدم آڈیٹوریم ۔ توراتی ہیکل” کے نام سے منصوبہ شامل ہے۔ ان دونوں یہودی مراکز کے قیام کا اصل مقصد مسجد اقصیٰ کے آس پاس فلسطینیوں اور مسلمانوں کے لیے جگہ تنگ کرنا اور آخر کار قبلہ اول کی جگہ مذعومہ ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی راہ ہموار کرنا ہے۔
اقصیٰ فاؤنڈیشن نے خبردار کیا ہے کہ مسجد اقصیٰ کی جنوبی اور مغربی سمتوں میں دو نئے یہودی مراکز کے قیام کے قبلہ اول پر براہ راست منفی اثرات مرتب ہوں گے اور یہ مراکز قبلہ اول کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ اسرائیلی حکومت ایک سازش کے تحت مسجد اقصیٰ کے پہلو میں یہودیوں کے ثقافتی اور مذہبی مراکز قائم کررہی ہے تاکہ قبلہ اول کو نقصان پہنچا کر اس کی جگہ مذموم ہیکل سلیمانی کی تعمیر کی راہ ہموار کی جاسکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ "کیدم آڈیٹوریم ۔ توراتی ہیکل” نامی مرکز بیت المقدس کی قدیم دیواروں سے محض 20 میٹر اور مسجد اقصیٰ سے جنوبی سمت میں صرف 100 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ مقامی فلسطینیوں کی جانب سے اسرائیلی حکومت کے اس ان دونوں منصوبوں پر اعتراضات کیے گئے تھے۔ صہیونی حکومتی کمیٹی نے گیارہ جون کے اجلاس میں فلسطینیوں کے اعتراضات کا مختصر جائزہ بھی لیا لیکن انہیں مسترد کردیا گیا۔ کمیٹی نے فلسطینیوں کے اعتراضات کے بعد عمارت کے لیے مختص 16 ہزار 400 مربع میٹرمیں میں سے 1400 مربع میٹر پر مشتمل پانچویں منزل نقشے سے ختم کردی تھی۔ باقی تعمیرات نقشے کے مطابق تعمیر کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق اکیدم آڈیٹوریم کا ٹھیکہ فلسطین میں یہودی تعمیرات کے لیے سرگرم ادارے "العاد” کو دیا گیا ہے، جس نے مجموعی طورپر دونوں منصوبوں کے لیے 06 دونم کی جگہ مختص کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کیدم آڈیٹوریم مجموعی طور پر سات منزلوں پر مشتمل ہوگی جن میں تین زیرزمین اور چار سطح زمین پر ہوں گی۔ یہ بلند و بالا عمارت مسجد اقصیٰ کے 17000 مربع میٹر رقبے کو گھیرے ہوئے ہوگی۔ تہ خانے میں 250 گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے الگ سے پارکنگ اسٹینڈ بھی بنایا جائے گا۔
