مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق الشیخ نواھضہ نے نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قبلہ اول کا دفاع اور اس کا ہرممکن تحفظ پوری مسلم امہ کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ مسلمانوں کو اپنے اسلاف کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مسجد اقصیٰ کے خلاف دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں بیت المقدس کی شناخت ایک ایسے اسلامی شہرکے طورپر کی جاتی ہے جو دنیا بھرمیں حق اور انصاف کی علامت تھا۔
الشیخ نواھضہ نے فلسطینی عوام کے ساتھ ساتھ پوری مسلم امہ پر زور دیا کہ وہ باہمی اختلافات اور جھگڑوں کو بھلا کر قبلہ اول کی حفاظت کے لیے ایک صف میں کھڑے ہوجائیں۔ جب تک مسلمان آپس میں ایک دوسرے کی گردنیں مارتے رہیں گے ہمارا مشترکہ دشمن قبلہ اول اور دیگر مقدس اسلامی مقامات کے خلاف سازشوں کے تانے بانے تیار کرتا رہے گا۔
قبلہ اول کے امام وخطیب کا کہنا تھا کہ جس دن تمام مسلمانوں نے اپنی صفوں میں اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا وہ قبلہ اول کی آزادی کا دن ہوگا کیونکہ دشمن مسلمانوں کے باہمی انتشار اور افتراق سے فائدہ اٹھاتے ہوئے قبلہ اول کے خلاف سازشیں کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کے طاقت کے وسائل ایک دوسرے کے قتل پرنہیں بلکہ باہمی اتحاد پرصرف ہونے چاہئیں۔ محض نعروں سے کام نہیں بنتا۔ مسلم امہ کو حقیقی معنوں میں فلسطین اور مسجد اقصیٰ کی پنجہ یہود سے آزادی کے لیے جدو جہد کرنا ہوگی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
