فلسطین کے مقبوضہ علاقوں بالخصوص سنہ 1948ء کے مقبوضہ فلسطین میں صہیونی قبضے کےخلاف سرگرم تنظیم‘‘اسلامی تحریک’’ نے مسجد اقصیٰ کو تقسیم کرنے
کی صہیونی سازشوں پر خبردار کیا ہے کہ یہودیوں کی قبلہ اول کو تقسیم کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دی جائیں گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسلامی تحریک کے نائب صدر الشیخ کمال الخطیب نے بدھ کواقصیٰ فاؤنڈیشن کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی طاقتیں مسجد اقصیٰ کے بٹوارے کے لیے گٹھ جوڑ کر رہی ہیں لیکن فلسطینی اپنی جانوں پر کھیل کر صہیونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ کو یہودیوں اور مسلمانوں کے درمیان باہم برابری کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی سازش بہت پرانی ہے اور اب اس پرعمل درآمد کے لیے سازشیں مزید تیز کردی گئی ہیں۔ لیکن مسلمان صہیونیوں کی اس گھناؤنی سازش کو کسی قیمت پربھی تسلیم نہیں کریں گے۔
اس موقع پر مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اقصیٰ فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ فاؤنڈیشن نے قبلہ اول کے تحفظ کا حق ادا کیا ہے۔ شیخ کمال الخطیب کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو مسجد اقصیٰ کے ساتھ جنون کی حد تک عشق اور محبت ہے اور وہ قبلہ اول کے دفاع کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں۔ مسجد اقصیٰ صرف فلسطینیوں ہی نہیں بلکہ پورے عالم اسلام کا حرم ہے اور یہ فلسطینیوں کی کل کائنات ہے۔ مجھے اس بات پر پورا یقین ہے کہ قبلہ اول کےخلاف کسی عالمی یا علاقائی سازش کو فلسطینی اپنے خون سے ناکام بنائیں گے۔ شیخ کمال الخطیب کا کہنا تھا کہ صہیونیوں کی غیرقانونی سرگرمیوں اور یہودی فوجیوں کی شرمناک پابندیوں کے باوجود فلسطینی عوام کا قبلہ اول سے نہ صرف رابطہ برقرار ہے بلکہ اب مزید مضبوط ہوا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
