فلسطین میں رومی آرتھوڈوکس فرقے سے تعلق رکھنے والے سرکردہ مسیحی رہ نما اور القدس میں عیسائی عبادت گاہوں کے نگران مطران عطاء اللہ حنا نے مسجد اقصیٰ پر یہودی آباد کاروں کے حملوں اور مقدس مقام کی صہیونی پولیس کی جانب سے بندش کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مسجد اقصیٰ سمیت فلسطین کی کسی بھی عبادت گاہ کو بند کرنا اس کی بے حرمتی کرنا آسمانی مذاہب کی تعلیمات کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ایسے طرز عمل کو کسی صورت میں قبول نہیں کیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق مسیحی رہ نما نے بیت المقدس میں مفتی اعظم فلسطین اور مسجد اقصیٰ کے امام وخطیب الشیخ محمد حسین سے ملاقات کے دوران کہا کہ عیسائی اور مسلمان دونوں بھائی بھائی ہیں اور وہ مل کر مسجد اقصیٰ سمیت بیت المقدس کے تمام مقدس مقامات کا دفاع کریں گے۔انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہوجائے مسجد اقصیٰ کی بندش کسی صورت میں قابل قبول نہیں ہے۔
عطاء اللہ حنا کا کہنا تھا کہ مسلمان اور عیسائی بیت المقدس کے اصل اور قدیم باشندے ہیں، وہ اپنے اوپر مسلط ہونے والی کسی دوسری قوم کے مظالم کا مل کر مقابلہ کریں گے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
