مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ترک صدر نے اسلامی تعاون تنظیم "او آئی سی” کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی سے ٹیلیفون پر بات چیت کرتے ہوئے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج اور یہودی شرپسندوں کے حملوں کا معاملہ اٹھایا۔ انہوںنے کہا کہ مسجد اقصیٰ کو جس نوعیت کے سنگین حالات اور حملوں کا سامنا ہے ماضی میں کبھی نہیں رہا۔ ایسے میں سلامتی کونسل کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیل کو مسجد اقصیٰ کے خلاف ظالمانہ سرگرمیوں سے روکے۔
ترک صدر نے عالمی برادری کی جانب سے اسرائیل کو کی گئی تنبہیات پر عمل درآمد نہ کرنے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ اسرائیل دانستہ طور پر فلسطینیوں اور پورے عالم اسلام میں اشتعال پھیلانے کی سازش کررہا ہے۔ طیب ایردوآن کا کہنا تھا کہ مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج اور یہودی آباد کاروں کے حملوں کے رد عمل میں پوری اسلامی دنیا بالخصوص مشرق وسطیٰ کے مسلمان سخت غم وغصے میں ہیں جبکہ اسرائیل مسلسل آگ سے کھیل رہا ہے۔
طیب ایردوآن نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزارتی رابطہ کمیٹی کا مسجد اقصیٰ کے حوالے اجلاس بلائے جانے پر سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی کا شکریہ ادا کیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
