اسلامی تعاون تنظیم ’’ اوآئی سی‘‘ کے سیکرٹری جنرل پروفیسر اکمل الدین اوگلو نے نو منتخب فرانسیسی صدر فرنسو ہولانڈ کےمسئلہ فلسطین بارے موقف کی تعریف کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک سمیت پوری عالمی برادری کو فلسطینیوں پر مظالم بند کرانے کے لیے جلد اقدامات کرنا ہوں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق ’’ او آئی سی‘‘ کے سربراہ نے یہ بات ترکی کے شہر استنبول میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران صحافیوں سے کہی۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کے نئے صدر کا فلسطینیوں کی حمایت میں موقف حوصلہ افزا ہے تاہم دیکھنا یہ ہے کہ وہ اپنے پیش نیکولا سارکوزی کی نسبت اپنے وعدوں اور دعوؤں پر کتنے پورا اتر تے ہیں۔ خیال رہے کہ فرانس کے نو منتخب صدر فرانسو ہولانڈ نے جمعہ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ فلسطینیوں کے لیے آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عرب علاقوں میں یہودی بستیوں کی تعمیر بند کرے۔
فرانسیسی صدر کا کہنا تھا کہ وہ فلسطینیوں کی آزادی اور خود مختار ریاست سمیت تمام حقوق کی حمایت کرتے ہیں اور سلسلے میں فلسطینیوں کی مدد کرتے رہیں گے۔ فرانسیسی صدر کے ان ریمارکس کے رد عمل میں او آئی سی کے سربراہ پروفیسر اکمل الدین احسان اوگلو کا کہنا تھا کہ فرانس کا نیا موقف حوصلہ افزا ہے تاہم مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے صرف باتوں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے کام چلے گا۔ انہوں نے یورپی ممالک اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے حقوق کے بارے میں یکساں موقف اپنائیں تاکہ مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق رائے دہی فراہم کیا جا سکے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین