اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے صدر محمود عباس کی جانب سے فلسطین میں مسلح تحریک آزادی کے مخالف صحافی کو تمغہ دینے کی شدید مذمت کی ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کے حقوق کی مخالفت کرنے والا کوئی بھی شخص کسی داد تحسین کا مستحق نہیں ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے ایک بیان میں کہا کہ صدر محمود عباس نے فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کے مخالف مصری صحافی سمیر غطاس کو فلسطین کا قومی اعزاز دے کر مسلح مزاحمت کی نفی کی ہے۔ ان کے اس اقدام سے لاکھوں فلسطینیوں کی دل آزاری ہوئی۔ حماس اس اقدام کی شدید مذمت کرتی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ فلسطینی قوم کے خلاف دشمنوں کو اکسانے والے بھلا کیسے کسی اعزاز و اکرام کے مستحق ہوسکتے ہیں۔ سمیر الغطاس کا شمار بھی ان لوگوں میں ہوتا ہے جو فلسطینیوں کے حقوق کی جنگ نہیں بلکہ دشمن کی حمایت کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے قاہرہ میں مصری صحافی سمیر غطا المعروف محمد حمزہ کو عرب اقوام اور مسلم امہ کے مسائل کو اجاگر کرنے کے اعتراف میں فلسطین کی طرف سے تمغہ حسن کارکردگی پیش کیا۔
