اسرائیلی میڈیا ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس اور صہیونی حزب اختلاف کی سربراہ چیلی یاچیموچ سے مغربی کنارے کے صدر مقام رام اللہ میں اتوار کے روز ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقوں نے ملاقات کے دوران خطے کی سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ نیز دونوں رہنماوں نے تعطل کے شکار امن عمل کو آگے بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
اسرائیلی ریڈیو نے اپنی ویب سائٹ پر ملاقات سے متعلق خبر میں بتایا کہ یاچیموچ نے فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ پر مذاکرات کی میز پر واپسی کے لئے دباو ڈالا۔ انہوں نے محمود عباس پر زور دیا کہ وہ امن عمل شروع کرنے کی غرض سے امریکی کوششوں پر لبیک کہیں۔
ریڈیو نے یاچیموچ کے حوالے سے بتایا کہ اپوزیشن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کو یقین دلایا ہے کہ حزب اختلاف فلسطینیوں کے ساتھ سیاسی معاہدے کی جانب پیش قدمی کی ہر کوشش میں بھرپور تعاون کرے گی۔
اسرائیلی اپوزیشن خاتون رہنما نے عرب لیگ کی زمین تبادلے کی تجویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس تجویز کا مثبت جواب دے تاکہ بین الاقوامی برادری کے سامنے رائے عامہ بہتر طور پر ہموار ہو سکے۔ انہوں نے اس بات کا عندیہ دیا کہ ان کی جماعت ‘العمل’ سیاسی عمل میں پیش قدمی کی صورت میں حکومتی اتحاد میں شمولیت پر غور کر سکتی ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
