فلسطین کے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کی نمائندہ جماعت اسلامی تحریک کے سربراہ اور بزرگ فلسطینی حریت پسند لیڈر شیخ رائد صلاح نے نو منتخب مصری صدر سے مطالبہ کیا ہے
کہ وہ بیت المقدس اور فلسطین کی آزادی کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں۔ انہوں نے ڈاکٹر محمد مرسی کو مصر کا انقلابی صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی اور کہا کہ فلسطینی قوم کو مصر کے نئے صدر سے غیرمعمولی توقعات وابستہ ہیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق شیخ رائد صلاح نے اپنے ایک تہنیتی پیغام میں مصر کے نو منتخب صدر پر زور دیا ہے کہ وہ فلسطینی اور مصری اقوام کی امیدوں کے ترجمان بن کر کام کریں۔ فلسطینیوں کے حقوق کے بارے میں مصری عوام کی بھی وہی خواہش ہے جو خود فلسطینی قوم کی ہے۔ فلسطینی عوام مصر میں امن واستحکام اور خوشحالی کے خواہاں ہیں اور ساتھ ہی برادر ملک سے یہ توقع بھی رکھتے ہیں کہ وہ صہیونیوں کے ہاتھوں ان کے سلب شدہ حقوق کی بحالی میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔
شیخ رائد صلاح کا کہنا تھا کہ مصر کسی دور میں عالم عرب اور مسلم امہ کا ایک لیڈر ملک تھا۔ لیکن مصر میں سابق مطلق العنان حکمرانوں نے اس کی عالمی حیثیت کو نقصان پہنچایا۔ اب یہ ڈاکٹر محمد مرسی کی ذمہ داری ہے کہ وہ مصر کو اس کی عظمت رفتہ سے دوبارہ ہمکنار کریں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
