(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں نے قابض اسرائیلی فوج کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے صہیونی قاتلوں کے خلاف عالمی عدالتوں میں قانونی چارہ جوئی کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے رام اللہ میں ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف منظم ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق کے مندوبین نے عالمی برادری اور بین الاقوامی عدالت انصاف پر زور دیا ہے کہ وہ صہیونی ریاست کے جرام کو بے نقاب کرتے ہوئے قاتلوں کے خلاف عالمی قانون کے مطابق کارروائی کریں۔انسانی حقوق کی مقامی اور بین الاقوامی تنظیموں نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاستی دہشت گردی اور بین الاقوامی قوانین کی پامالی کے ساتھ ساتھ فلسطینیوں کے ماورائے عدالت قتل عام کو بے نقاب کرنے کے لیے مشترکہ طورپر جدو جہد کرنے کے عزم کا بھی اعلان کیا۔
انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ صہیونی ریاست کے جرائم کو بے نقاب کرنے اور قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے بین الاقوامی سطح پر منظم مہم چلانے کی اشد ضرورت ہے۔ انصاف کے علم بردار ادارے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں کو فلسطینیوں کا ماورائے عدالت قتل عام روکنے کے لیے موثر اقدامات کرنا ہوں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فلسطینی نیشنل پروگریسیو پارٹی کے سیکرٹری جنرل مصطفیٰ البرغوثی نے کہا کہ فلسطینیوں کا ماورائے عدالت قتل عام وحشیانہ جرائم ہیں اور ان جرائم کا ہرصورت میں محاسبہ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ حال ہی میں اسرائیلی فوج نے ایک فلسطینی بچے محمود شعلان کو جس بے رحمی کے ساتھ گولیاں مارکرشہید کیا فلسطینیوں کے ماورائے عدالت قتل عام کی اس سے بدترین مثال اور کوئی نہیں ملتی۔ صہیونی فوج بغیر کسی وجہ یا خطرے کے نہتے فلسطینیوں کو گولیوں سے بھون دیتی ہے۔ بعد ازاں یہ من گھڑت کہانی تیار کی جاتی ہے کہ مقتول فدائی حملے کی منصوبہ بندی کررہا تھا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جتنے بھی فلسطینیوں کو ماورائے عدالت شہید کیا گیا اور ان پر فدائی حملہ آور ہونے کا الزام عائد کیا ہے وہ ان الزامات کو ثابت نہیں کرسکا ہے۔