اسرائیلی وزیر خارجہ افیغدور لیبرمان نے امریکی انتظامیہ کی جانب سے دو فلسطینی بچوں کو اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے گولیاں مارے جانے کی وڈیو کی تحقیقات کے مطالبے کو مسترد کردیا ہے۔
لیبر مان نے مغربی کنارے میں ارئیل یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کہا کہ،” ہمیں اس واقعے کی تفتیش کے امریکی مطالبے کی ضرورت نہیں ہے۔ اسرائیلی فوج دنیا کی سب سے زیادہ اخلاق یافتہ فوج ہے۔”
لیبرمان نے امریکہ کی جانب سے تفتیش کی درخواست کی مذمت کی اور کہا کہ،” میں انتہائی افسوس کے ساتھ کہتا ہوں کہ دوسرے واقعات میں ایسے مطالبات سامنے نہیں آتے ہیں۔ شام میں تقریبا 170٫000 لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں اور بین الاقوامی برادری نے ان کے قتل کی تفتیش کا مطالبہ نہیں کیا۔”
امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے منگل کے روز اسرائیلی حکومت سے اس وڈیو ٹیپ کے بارے میں اضافی معلومات مانگی تھیں۔
