مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے مختلف تنظیموں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں القسام بریگیڈ کو دہشت گرد قرار دینے کے مصری عدالت کے فیصلے کی شدید مذمت کی گئی اور کہا گیا ہے کہ القسام بریگیڈ فلسطین کی آزادی کے لیے سرگرم تنظیم ہے جس کا مصر کی قومی سلامتی کوے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے۔ القسام بریگیڈ پر پابندی لگا کر مصر نے اسرائیلی مظالم کو کھلی چھٹی دینے کی راہ ہموار کی ہے اور مظلوم فلسطینی عوام کے ہاتھ باندھ دئیے ہیں۔
خیال رہے کہ 31 جنوری کو مصر کے دارالحکومت قاہرہ کی ایک ماتحت عدالت نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کو دہشت گر تنظیم قرار دیا تھا۔ مصری عدالت کے اس فیصلے پر فلسطین میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
فلسطینی تنظیموں کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ القسام پر پابندی سے متعلق عدالتی فیصلے کو تبدیل کرنے کے لیے مصری حکومت کے ساتھ رابطے بڑھائیں گے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مصر کی جانب سے یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ مصری فوج اور فلسطینی مزاحمتی تنظیمیں سرحدی سیکیورٹی کے لیے مل کر کام کررہی ہیں۔ اس فیصلے سے خود مصر کو سرحد کی سیکیورٹی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
