فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ نے غزہ کی پٹی میں قابض اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں کسی صورت میں برادشت نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی قوم کو ہر قیمت پر تحفظ فراہم کریں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اپنے ایک بیان میں وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ صہیونی فوج کے حملے ہمیں مقابلے میں طاقت کےاستعمال پر مجبور کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی جارحیت بند کرانے کے لیے مصر اور دیگر ممالک کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ اسرائیل کو جارحیت سے باز رکھنے کے لیے تمام پرامن راستےاستعمال کریں لیکن اگر ہمیں صہیونی حکومت کی جانب سے طاقت کے استعمال پر مجبور کیا گیا تو ہم اس سے گریز بھی نہیں کریںگے۔
خیال رہے کہ قابض اسرائیلی فوج نے گذشتہ جمعہ کے بعد سے غزہ کی پٹی پر مسلط کردہ جارحیت میں پندرہ فلسطینی شہید اور تیس سے زائد زخمی کر دیے ہیں۔ شہداء میں عام شہری اور مزاحمتی تنظیموں کے کارکن بھی شامل ہیں۔ جمعہ کی شام قابض فوج نے ایک فضائی حملے میں فلسطینی عالم دین اور مزاحمتی تنظیم عوامی مزاحمتی کمیٹیز کے رہ نما شیخ زھیرالقیسی اور ان کے ایک دوسرے کمانڈر ساتھی محمود الحننی کو شہید کر دیا تھا۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین

