جنگ زدہ فلسطینی شہرغزہ کی پٹی کے تعمیرنو اور بحالی کے منصوبوں پرکام تیزی سےجاری ہے۔ جمعرات کے روز قطری حکومت کے تعاون سے تعمیراتی منصوبے کے پہلے مرحلہ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ تعمیراتی منصوبے کی افتتاحی تقریب میں فلسطینی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ اور قطری تعمیراتی کمیٹی کے سربراہ محمد العمادی بھی موجود تھے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق تعمیراتی منصوبے کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم اساعیل ھنیہ نے دوحہ کی جانب سے امداد کی فوری فراہمی اور تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ قطر نے مشکل کی ہر گھڑی میں فلسطینی عوام کی دل کھول کرمدد کی ہے۔ ہم دوحہ حکومت کے شکرگذار ہیں کہ انہوں نے جنگ سے متاثرہ شہر کی بحالی اور تعمیر نو میں مفلوک الحال شہریوں کا ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم نے صہیونی فوج کی بمباری کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصانات اور تباہ کاریوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ روزہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں سیکڑوں سرکاری اور نجی عمارتیں مکمل طورپر تباہ ہوئی ہیں،جن کی فوری تعمیر کے لیے جنگی بنیادوں پر امداد کی فراہمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عرب اور اسلامی ممالک کے وفود ان دنوں غزہ کی پٹی میں تعمیر نو اور بحالی کےکاموں میں مدد فراہم کرنے کے لیے حالات کا جائزی لینے آ رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قطری کمیٹی کے سربراہ محمد العمادی نے کہا کہ ان کی حکومت غزہ کی پٹی میںجاری تمام تعمیراتی منصوبوں کونہ صرف مکمل کرے گی بلکہ نئے منصوبے اوراسکیمیں بھی شروع کی جائیں گی۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
