مقبوضہ بیت المقدس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی آبادکاروں نے مسجد الاقصی میں داخل ہو کر ایک بار پھر اس مقدس مقام کی بے حرمتی کی ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق صیہونی آبادکاروں نے بدھ کی صبح صیہونی فوجیوں کی مدد سے باب المغاربہ کی طرف سے مسجد الاقصی پر ہلہ بول دیا۔بیت المقدس کے اسلامی و عیسائی تشخص کو ختم اور اسے صیہونی علامت میں تبدیل کرنے کے لئے مسجد الاقصی اس وقت غاصب صیہونی فوجیوں اور صیہونی آبادکاروں کا نشانہ بنی ہوئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ یہودی آباد کاروں اور قبلہ اوّل کے محافظوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز قبلہ اوّل پر دھاوے بولنے والے صہیونی اشرار میں متعدد Â صہیونی طلباء شامل تھے۔ اس موقع پر اسرائیلی فوج نے اور پولیس نے آباد کاروں کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کر رکھی تھی۔
فروری کے مہینے میں بھی صیہونی فوجیوں کی حمایت سے ڈھائی ہزار سے زائد صیہونی آبادکار، مسجد الاقصی میں داخل ہو گئے تھے۔