مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی محکمہ اوقاف کے ڈائریکٹر اور مسجد اقصیٰ کے امورکے انچارج الشیخ عزام الخطیب کی جانب سے قبلہ اوّل کی حفاظت پرمامور خواتین کو ڈانٹنے اور ان کے ساتھ بدکلامی کرنے پر فلسطینی حلقوں میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القدس انٹرنیشنل فاؤنڈیشن نے ایک بیان میں الشیخ عزام الخطیب کی جانب سے مسجد اقصیٰ کی محافظات کو ڈانٹنے اور انہیں قبلہ اوّل سے نکال باہر کرنے کی دھمکی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر ایک فوٹیج سامنے آئی ہے جس میں مسجد اقصیٰ کی خواتین محافظ صیہونی آباد کاروں کی قبلہ اوّل میں دراندازی روکنے کے لیے بیٹھی ہیں۔ اس دوران الشیخ عزام الخطیب اس جگہ پہنچے اور ان خواتین کو سخت بربھلا کہا اور چیخ چیخ کر انہیں وہاں سے اٹھنے کے احکامات دیئے تاہم خواتین اپنی جگہ ڈٹی رہیں۔ اس فوٹیج سے صاف ظاہرہوتا ہے کہ الشیخ عزام الخطیب نے قبلہ اوّل کی حفاظت پر مامور خواتین کو وہاں سے اٹھا کر صیہونی آباد کاروں کو قبلہ اوّل پر دھاوؤں کی سہولت فراہم کرنا چاہتےہیں۔
القدس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ یہ بات قطعی نا مناسب اور افسوسناک ہے کہ فلسطینی محکمہ اوقاف کا ڈائریکٹر اورÂ مسجد اقصیٰ کے امور کا انچارج سرکاری ملازم قبلہ اول کی حفاظت پر مامور خواتین کے ساتھ بد کلامی کرے۔ ہم اس کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور الشیخ عزام الخطیب سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صیہونیوں کے قبلہ اوّل پر دھاوؤں کے سہولت کار نہ بنیں۔