طوباس – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے سے متصل وادی اردن کے شمالی علاقوں میں درجنوں فلسطینیوں کو جنگی مشقوں کی آڑمیں ان کے گھروں سے جبرا بے دخل کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق طوباس شہر کے 15 فلسطینی خاندانوں کے دسیوں افراد کو مکان خالی کرنے کا نوٹس جاری کرنے کے بعد صہیونی فورسز کی بھاری تعداد نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور فلسطینیوں کو وہاں سے نکالنے کے بعد گھروں پر صہیونی فوج نے قبضہ کرلیا ہے۔طوباس میں یہودی توسیع پسندی سےمتعلق امور کے نگران معتز بشارات کا کہنا ہے کہ صہیونی فوج کے زیرانتظام سول انتظامیہ کی طرف سے طوباس میں 15 فلسطینی خاندانوں کو جنگی مشقوں کے لیے مکان خالی کرنے کے نوٹس جاری کیے تھے۔ ان نوٹس میں تنبیہ کی گئی تھی مکان خالی نہ کرنے والوں کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔
بشارات نے بتایا کہ صہیونی حکام نے بدھ کے روز ہی فلسطینیوں کو نوٹس جاری کیے اور ان سے گھر خالی کرانے کے بعد ان پرقبضہ کرلیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ صہیونی حکام کی طرف سے کہا گیا ہے کہ جنگی مشقیں آئندہ ہفتے ہوں گی مگر فوج ان گھروں کو آج ہی اپنے استعمال میں لانا چاہتی ہے۔
خیال رہے کہ وادی اردن صہیونی فوج کی جنگی مشقوں کا اکھاڑا بن چکا ہے جہاں آئے روز فلسطینیوں سے سے ان کے مکانات جبرا خالی کرائے جاتے ہیں اور جنگی مشقوں کی آڑ میں فلسطینیوں کو گھروں سے قصبوں سے بے دخل کیا جاتا ہے۔
