(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ نے قومی اتحاد پر مبنی فلسطینی حکومت کی تشکیل اور پی ایل او کے پروگراموں پر اس کے عمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے مصر میں عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے ہنگامی اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے ، فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی مشارکت سے قومی اتحاد حکومت کی تشکیل پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی قومی اتحاد کی حکومت، پی ایل او کی پالیسی نافذ کرنے والی ہونی چاہئے کیوں کہ فلسطنی انتظامیہ بھی اسی کی پالیسی کا نفاذ کرتی ہے۔محمود عباس نے انتخابات کے انعقاد کے لئے تحریک حماس کی آمادگی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دو ہزار چھ میں انتخابات ہوئے تھے اور اب دس سال گذرنے کے بعد فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ کا انتخاب اور پارلیمانی انتخابات ہونے چاہئے تاکہ فلسطینی محاذ متحد ہوسکے۔ محمود عباس نے کہا کہ عرب ملکوں اور بین الاقوامی سطح پر فلسطینی قوم کی آزادی کو عملی جامہ پہنانے کی زمین فراہم کی جائے اور انیس سو سرسٹھ کی سرحدوں میں ایک آزاد فلسطینی مملکت کی تشکیل اور پناہ گزینوں کے مسئلے کے بارے میں منصفانہ راہ حل تلاش کی جائے۔