مقبوضہ غرب اردن، وادی اردن اور مقبوضہ بیت المقدس کے بالائی علاقوں میں پچھلے بارہ گھنٹوں کے دوران 20 سے 35 سینٹی میٹر برف باری ہوئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرد ہوائوں کے ساتھ آنے والی بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جمعہ کی شام تک جاری رہنے کی توقع ہے۔ اس دوران مزید 30 سے 40 سینٹی میٹر برف باری ہوسکتی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین کے شمالی، وسطی اور جنوبی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں سردی کی یہ لہر اگلے 48 گھنٹوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ شمالی ، وسطی اور جنوبی فلسطین کے بالائی علاقوں میں سطح سمندر سے 400 میٹر کی بلندی پر برف باری کا امکان ہے۔ تاہم فی الحال برف باری 600 سے 700 کے درمیان اونچائی پر جاری ہے۔
جمعرات کے روز بعض مقامات پرہلکی اور تیز بارشوں کے ساتھ برف باری جاری رہے گی۔ شام کی طرف سے آنے والی تیز ہوائوں کی وجہ سے موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔ بیت المقدس میں سخت سردی کے باعث درجہ حرارت نقطہ انجماد سے بھی نیچے چلا گیا ہے۔
ادھر مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں ایک شیر خوار بچے کے شدید سردی کے باعث جاں بحق ہونے کی بھی اطلاعات ہیں جبکہ درجنوں افراد سردی کے باعث متاثر ہوئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب موسم کے بہتر ہونے کی توقع کی جا سکتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
