فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کی مرکزی سرپرست کمیٹی کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے رہنما سابق رکن قومی اسمبلی مظفر احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ جمعة الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس کے طور پر منایا جائے گا اور اس حوالے سے فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کراچی میں نکالی جانے والی مرکزی آزادی القدس ریلی کے راستے میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور یوم القدس کی مناسبت سے تصویری نمائش کا انعقاد کرے گی۔
ان کاکہنا تھا کہ امام خمینی رحمة اللہ علیہ نے رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس قرار دے کر مسلم امہ کو متحد کر دیا ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے دنیا بھر کے مسلمان اس اہمیت کو سمجھتے ہوئے متحد ہو جائیں اور قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کے لئے متحد اور مشترکہ جد وجہد کا آغاز کریں۔ ان کاکہنا تھا کہ فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان ملک بھر میں جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس کے طور پر مناتے ہوئے قبلہ اول بیت المقدس کی بازیابی کی تحریک میں اپنا حصہ ادا کرے گی ۔
