(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) معروف جریدے ‘مڈل ایسٹ آرکیٹکٹ’ کی جانب سے مشرقی وسطیٰ کے بہترین معماروں کی فہرست جاری کی گئی ہے جس میں ڈاکٹر نادیہ حبش پہلی فلسطینی خاتون ہیں جنہوں نے اس فہرست میں اپنی جگہ بنائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف جریدے ‘مڈل ایسٹ آرکیٹکٹ’نے حال ہی میں مشرق وسطیٰ کے 50 بہترین ماہرین تعمیرات کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں فلسطین سے تعلق رکھنے والی خاتون پروفیسر ڈاکٹر نادیہ حبش جو لبنان کی جامعہ بیروت میں آرکیٹکٹ انجینیرنگ کی تدریس کے فرائض انجام دیتی ہیں ان کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔
فلسطین کی معمار اور اکیڈمک نادیہ حبش آج تک کی واحد انجینیر ہیں جنہوں نے فلسطین میں انجینیرز سنڈیکیٹ کی شاخ کی صدارت اور رکنیت حاصل کی تھی۔ اس وقت وہ فلسطینی انجینیرز کی جنرل یونین کے جنرل سکریٹریٹ کی رکن ہیں۔حبش نے تعمیراتی اور فن تعمیراتی منصوبوں میں شراکت کے لیے متعدد ایوارڈز جیتےجن میں سب سے اہم حسیب الصباغ اور سعید الخوری ایوارڈ ہیں جو انہوں نے 2017ء میں حاصل کیےتھے۔