فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی شہر قلندیا میں ایک پناہ گزین کیمپ سے فلسطینی نوجوان کی بلا جواز گرفتاری کے خلاف مقامی شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
قلندیا کیمپ کے ایک سماجی کارکن نے خبر رساں ایجنسی صفا کو بتایا کہ گذشتہ روز عباس ملیشیا کے خفیہ اہلکاروں نے کیمپ میں گھس کر شہریوں کو زدو کوب کیا اور اس دوران اسلامی تحریک مزاحمت حماس سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان کو گرفتار کرکے ساتھ لے گئے۔ عباس ملیشیا کی اس غنڈہ گردی کے خلاف مقامی شہریوں نے جلوس نکالا اور اس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ فلسطینی سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا اور ہوائی فائرنگ کی۔
مقامی شہریوں نے بتایا کہ قلندیا مہاجر کیمپ میں عباس ملیشیا کے مسلسل چھاپوں کے باعث شہری سخت غم وغصے کا شکار ہیں۔ گذشتہ روز انہوں نے بہ طور احتجاج بیت المقدس اور رام اللہ کو ملانے والی مرکزی شاہراہ بند کردی تھی جس کے نتیجے میں گھنٹوں ٹریفک معطل رہی۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے کے دوران فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں عباس ملیشیا کی تلاشی کی کارروائیوں میں کم سے کم 49 افراد کو حراست میں لینے کے بعد انہیں جیلوں میں ڈالا گیا ہے۔ حراست میں لیے جانے والوں کی اکثریت اسلامی تحریک مزاحمت ”حماس” کے کارکنوں کی بتائی جاتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
