دسیوں فلسطینی نوجوان جمعہ کی شب مقبوضہ مشرقی بیت المقدس کی بلدیہ ابو دیس کے ‘الکسبہ’ علاقے سے گزرنے والی ‘دیوار فاصل’ میں نقب لگانے میں کامیاب ہو گئے۔
فلسطینی نوجوانوں نے دستی کدالوں سے دیوار میں نقب لگایا اور ‘الکسبہ’ ریجن میں اس کا ایک بڑا حصہ گرا کر القدس میں داخل ہو گئے۔ قیام اسرائیل کی 65 ویں برسی کے موقع پر فلسطینی پرچم ہاتھوں میں اٹھائے یہ نوجوان القدس شہر میں داخل ہو گئے۔
مقبوضہ بیت المقدس سے مرکز اطلاعات فلسطین کے نمائندے نے بتایا کہ اس کارروائی کے بعد اسرائیل فوری طور پر اپنی فوج کو حرکت میں لایا جس نے دیوار توڑ کر ‘اسرائیلی’ علاقے میں داخل ہونے والے فلسطینی نوجوانوں پر براہ راست فائرنگ کی۔
دیوار میں ڈالے گئے شگاف کے قریب تعینات اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں بھی ہوتی رہیں۔ نوجوانوں نے فوجیوں پر شیشے کی خالی بوتلیں پھینکیں۔
اس کارروائی کے بعد اسرائیلی فوج نے ابو دیس بلدیہ نے ہلہ بول دیا۔ صہیونی فوجی مختلف سڑکوں اور گلیوں میں پھیل گئے۔ آخری اطلاعات آنے تک اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان پرتشدد جھڑپیں جاری تھیں۔ اندھا دھند فائرنگ اور اشک آور گیس کے بے دریغ استعمال سے پوری میونسپلٹی میں بارود کی بو پھیل گئی جس سے متعدد افراد کو دم گھٹنے
کی شکایت پر ہسپتال داخل کرانا پڑا۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
