فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں منگل کے روز اسرائیلی فوجیوں نے "سلواد” پناہ گزین کیمپ پر اچانک دھاوا بول دیا جس میں شہریوں کو زد و کوب کرنے کے ساتھ ساتھ گھروں میں قیمتی اشیاء کی توڑ پھوڑ کی گئی۔
عینی شاہدین نے مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار کو بتایا کہ جنوبی رام اللہ میں سلواد کے مقام پر یہودی فوجیوں نے پناہ گزین کیمپ پر چھاپہ مار کر گھرگھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا۔ اس دوران بیسیوں نوجوانوں کو گھروں سے نکال کر سڑکوں پر چلچلاتی دھوپ میں کھڑے رکھا گیا جہاں ان کی شناخت پریڈ کی گئی۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ تلاشی کی کارروائی میں صہیونی فوج کے ہمراہ تفتیشی کتے بھی شامل تھے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن میں کسی شخص کی گرفتاری کی اطلاع نہیں مل سکی۔
خیال رہے کہ رام اللہ میں "سلواد” پناہ گزین کیمپ سنہ 1973 ء میں قائم کیا گیا تھا۔ دو مربع کلو میٹر کے علاقے پر پھیلے اس کیمپ میں کم سے کم 500 فلسطینی رہائش پذیر ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
