(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں فلسطینی مظاہرین پر حملہ کر کے متعدد فلسطینیوں کو زخمی کر دیا ہے
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن کے شہر قلقیلیہ کے مشرقی علاقے کفرقدوم کے فلسطینی باشندوں نے صیہونی حکومت کے جارحانہ اور توسیع پسندانہ اقدامات کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا۔فلسطینی مظاہرین صیہونی دیوار حائل کی تعمیر اور کفرقدوم علاقے کو جانے والی اصل شاہراہ کو بند رکھنے کے اسرائیلی اقدامات کے خلاف نعرے لگائے- اس موقع پر صیہونی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر طاقت کا بےدریغ استعمال کیا- صیہونی فوجیوں نے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی اور آنسوگیس کے گولے داغے۔
صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے علاقے کفرقدوم کو جانے والی اصل شاہراہ کو پچھلے تیرہ برسوں سے بند کر رکھا ہے- صیہونی حکومت نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں فلسطینی مجاہدین کے داخلے کو روکنے کے لئے غرب اردن کے چاروں جانب دیوار حائل بھی تعمیر کر دی ہے۔ صیہونی حکومت نے اس حائل دیوار کے بہانے فلسطیینوں کی سیکڑوں ہیکٹر زرعی اراضی پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔
صیہونی حکومت نے سات سوکلومیٹر طویل اس حائل دیوار کی تعمیر سے فلسطینی علاقوں کے سیکڑوں دیہاتوں کا رابطہ بھی ایک دوسرے سے منقطع کر دیا ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے صہیونی حکومت کے ذریعے دیوار حائل کی تعمیرکو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مزید تعمیر کا کام فوری طور پر روک دئے جانے کے لئے مطالبہ کیا ہے۔