فلسطین کی مختلف سیاسی جماعتوں پر مشتمل قومی مصالحتی کمیٹی کا ایک اہم اجلاس پیر کوغزہ کی پٹی میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے رہ نما ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے کی۔
اجلاس میں گذشتہ ماہ حماس اور فتح کی سربراہ ملاقات میں طے پائے نکات کی روشنی میں قومی حکومت کی تشکیل پر بات چیت آگے بڑھانے کی کوشش کی گئی۔
اجلاس کے بعد مرکز اطلاعات فلسطین سے گفتگو کرتے ہوئے حماس رہ نما ڈاکٹر اسماعیل رضوان نے کہا کہ آج کے اجلاس میں فلسطین کے مختلف اضلاع کی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں اجلاس میں مختلف اضلاع کی کمیٹیوں کے ارکان کے نام بھی پیش کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پیش آئند اجلاس جوکہ دو ہفتوں کے اندر متوقع ہے میں ضلعی سطح پر کمیٹیوں کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مصالحتی اجلاس میں کمیٹیوں کو درپیش مالی مشکلات کا حل تلاش کرنے اور معاملہ صدر محمود عباس تک پہنچانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ اجلاس میں طے پائے تمام نکات کے بارے میں حماس اور فتح کی مرکزی کمیٹیوں کو بھی آگاہ کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پرزور دیا گیا کہ آئندہ کے اجلاسوں میں قومی حکومت کےقیام، الیکشن کمیشن کےعمل کو آگے بڑھانے اور تنظیم آزادی فلسطین کی تشکیل نو کے بارے میں ٹھوس منصوبہ بندی کرنے اور تجاویز تیار کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
خیال رہےکہ گذشتہ ماہ 20دسمبر کو قاہرہ میں فتح کے سربراہ محمود عباس اور حماس کے سیاسی شعبے کے صدر خالد مشعل کےمابین ایک مفاہمتی معاہدہ ہوا تھا۔ اس معاہدے کے نکات کوعملی شکل دینےاور اس کا طریقہ کار وضع کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں پر مشتمل ایک مصالحتی کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ اس کمیٹی کا اجلاس اب ہفتہ وار غزہ کی پٹی میں ہو رہا ہے۔

