اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں کے حملے میں چار فوجیوں کے زخمی ایک جیپ کے تباہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق اسرائیلی میڈیا میں شائع فوج کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ فوج کے ایک قافلے پرفلسطینی مزاحمت کاروں نے بارودی سرنگوں کے ذریعے حملہ کیا ہے جس میں ایک فوجی جیپ مکمل طورپر تباہ ہوئی ہے اور چار فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمی فوجیوں میں سے دو کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
اخباریدیعوت احرونوت کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی ایک گشتی پارٹی غزہ کی حدود میں داخل ہوئی تو اس دوران ان کی ایک جیپ مزاحمت کاروں کی بچھائی گئی سرنگ سے ٹکراکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں چار فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو فوجی اسپتالوں میں لے جایا گیا ہے جہاں ان میں سے دو کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔ زخمی فوجیوں کو پہلے سوروکا میڈیکل کمپلکس میں داخل کیا گیا بعد ازاں ان میں سے شدید زخمی فوجیوں کو عسقلان کے برزیلائی اسپتال میں لے جایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں نے شہرمیں دراندازی کرنے والے صہیونی فوجیوں پر حملہ کیا تھا، جس میں دشمن کے چار اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ مجاہدین کی کارروائی کے بعد اسرائیلی فوج نےجارحیت میں پانچ فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
