اسرائیل کی جیلوں میں زیرحراست فلسطینیوں کے ساتھ مظالم اور قیدیوں کے معاملے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی اطلاعات پر فلسطین بھر میں سخت غم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ فلسطینی پارلیمنٹ کے اراکین نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی اور مظالم کی تحقیقات کے لیے اپنی ٹیمیں بھیجیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق پارلیمنٹ کے اراکین کے ایک وفد نے حال ہی میں سابق فلسطینی اسیران سے ملاقات کی اور جیلوں میں ہونے والے مظالم کے بارے میں معلومات حاصل کی ہیں۔ بعد ازاں رام اللہ میں اراکین قانون ساز کونسل نے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جیلوں میں زیرحراست فلسطینیوں کے ساتھ بدسلوکی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے عالمی اداروں کی جانب سے انکوائری ٹیمیں بھیجی جائیں۔
فلسطینی اراکین پارلیمان سے ملاقات کرنےوالوں میں سابق اسیر خالد ابو الھیجاء اور رام اللہ کے محمد العوری شامل تھے۔ جبکہ اراکین پارلیمنٹ کے وفد میں ڈاکٹرمحمود الرمحی، محمود مصلح، احمد عطون، اور دیگر شریک تھے۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ صہیونی جیلوں میں قیدیوں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کی تحقیقات کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت تحقیقات شروع کریں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین