سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘فیس بک’ نے وسطی مقبوضہ فلسطین میں سرگرم ‘یافا یوتھ موومنٹ’ کے رضاکاروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ قیام اسرائیل کی 65 ویں سالگرہ، جسے فلسطینی ‘النکبہ’ کے طور پر موسوم کرتے ہیں، کے سلسلے میں یافا کے گھنٹہ گھر میں عوام کو جمع ہونے کی کال دینے کے لئے فیس بک کے استعمال سے گریز کریں ورنہ ان کے اکاونٹ منجمد کر دیئے جائیں گے۔
یافا یوتھ موومنٹ کی فاطمہ حلیوی نے بتایا کہ فیس بک اس سے قبل بھی یافا کے نوجوانوں کی نمائندہ تنظیم کو وارننگ جاری کر چکا ہے۔ بالخصوص موومنٹ کی اسرائیلی جیلوں میں قیدیوں سے اظہار یکجہتی اور غزہ کی پٹی پر حملوں کے خلاف سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے رائے عامہ ہموار کرنے کی کوشش پر ہمیں خبردار کر چکا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اظہار آزادی رائے کے دعویداروں کے اوچھے ہتھکنڈوں کا جواب ہم بدھ کے روز یافا گھنٹہ گھرمیں زیادہ سے زیادہ افراد جمع کر کے دیں گے۔ انہوں نے مقبوضہ فلسطین کے رہائشیوں پر زور دیا کہ یوم نکبہ کے پروگرام کو کامیاب بنائیں۔ ہم اظہار رائے کے اپنے حق کا بھرپور تحفظ کریں گے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین