(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے وزیراعظم نے اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے فلسطینی علاقوں میں پانی کی بندش کو غیر انسانی فعل قرار دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم رامی حمد اللہ نے غرب اردن کے ہزاروں فلسطینی خاندانوں کے لیے پانی بند کرنے کے اسرائیل کے فیصلے کو غیر انسانی اور ظالمانہ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو عزت سے جینے نہیں دینا چاہتا اور پانی کے ذخائر سے ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ اسرائیل کی غیر قانونی بستیوں میں آباد صیہونیوں کو پانی کی مفت فراہمی کی سہولت حاصل ہے جب کہ فلسطینیوں کو پانی کے عوض بھاری رقم ادا کرنا پڑتی ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ صیہونی انتہا پسندوں نے غرب اردن کے ایک گاؤں کے کنووں میں زہر ڈال دیا ہے جس کی وجہ سے اس گاؤں کے باشندے نقل مکانی پر مجبور ہوگئے ہیں۔
این آر جی نیوز سائٹ کے رپورٹر خوفی عاموس نے ایک یہودی ذریعے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی آبادکاروں نے غرب اردن کے سوسیا نامی گاؤں کے کنووں میں زہر ڈال کے اس گاؤں کے فلسطینی باشندوں کو نقل مکانی پر مجبور کر دیا ہے۔