فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس شہر میں جمعہ کو علی الصباح ایک فلسطینی نوجوان نے اپنی کار اسرائیلی بارڈر فورسز کے اہلکاروں پر چڑھا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم سات فوجی زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے کار سوار فلسطینی بھی زخمی ہوا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق ایک فلسطینی شہری نے بیت المقدس میں المصرارہ کے مقام پر سڑک نمبر ایک پر واقع اسرائیلی فوج کے ہیڈ کواٹر کے سامنے کھڑے یہودی فوجیوں پر اپنی کار چڑھا دی جس کے نتیجے میں تین اسرائیلی فوجی اور دو موٹرسائیکل سوار زخمی ہو گئے۔ صہیونی فوجیوں نے حملہ اور فلسطینی کو گولیاں ماردیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
اسرائیلی پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد سڑک نمبر ایک کو ہرقسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور علاقے میں بڑی تعداد میں فوجیوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین