(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی حکومت کے ذریعے تحریک انتفاضہ قدس کے شہدا کے جنازے ان کے اہل خانہ کےحوالے نہ کئے جانے پر شہدا کے گھر والوں نے مقبوضہ فلسطین میں احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق تحریک انتفاضہ قدس کے شہدا کے اہل خانہ نے یافا شہر میں صیہونی حکومت کے پوسٹ مارٹم ڈیپارٹمنٹ کے باہراجتماع کرکے صیہونی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے فرزندوں کے جنازے ان کے حوالے کرے۔فلسطینی قیدیوں کی حامی تنظیم نے بھی کہا ہے کہ صیہونی حکومت ان شہدا کے جنازے ان کے گھر والوں کے حوالے نہ کرکے فلسطینیوں میں رعب و وحشت پھیلانے کی کوشش کررہی ہے ۔ مذکورہ تنظیم کا کہنا ہے کہ صیہونی حکومت اپنے اس قسم کے اقدام کے ذریعے فلسطینی نوجوانوں کو ڈرانا اور انہیں شہادت پسندانہ کارروائیوں سے باز رکھنا چاہتی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کی حامی تنطیم نے اعلان کیا ہے کہ صیہونیوں کی یہ کوشش ابھی تک بے نتیجہ رہی ہے اور تحریک انتفاضہ قدس جاری رہے گی۔
صیہونی حکومت کی کابینہ نے تحریک انتفاضہ قدس کے آغازکے بعد یہ حکم دیا تھا کہ فلسطینی شہدا کے جنازے ان کےگھر والوں کے حوالے نہ کئے جائیں اور ان شہدا کے گھروں کو بھی مسمار کردیا جائے۔ صیہونی حکومت نے تحریک انتفاضہ قدس کے آغاز سے اب تک دوسو بیس فلسطینیوں کو شہید اور بہت سوں کو زخمی کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں فلسطینیوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔