(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مرکزی الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ اس نے سپریم کورٹ کے حکم پر8 اکتوبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا عمل فوری طور پر روک دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کی کمیشن نے پچھلے دو ماہ کے دوران بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے سرتوڑ کوشش کی تاکہ ملک میں سیاسی انتشار ختم ہو اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ماحول سازگار بنایا جائے۔ الیکشن کمیشن اس مقصد میں کافی حد تک کامیاب رہا ہے مگر عدالت کی طرف سے بہ وجوہ انتخابی عمل روکنے کا حکم سامنے آمنے کے بعد الیکشن کمیشن عدالتی فیصلے پر عمل درآمد پر مجبور ہے۔خیال رہے کہ فلسطین کی سپریم کورٹ نے ایک درخواست کی سماعت مکمل ہونے تک فلسطین میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کا حکم دیا ہے۔ کچھ لوگوں نے سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی کہ موجودہ حالات میں بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری اور غیر مفید ہے۔ اس پرعدالت نے درخواست کی سماعت مکمل ہونے تک انتخابات کی تیاریاں روک دی ہیں۔
بعض ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطین میں انتخابات کا عمل روکے جانے کی وجہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ اور تحریک فتح کے درمیان پائے جانے والے اختلافات ہیں۔ دونوں جماعتیں ایک دوسرے پر انتخابی عمل پر اثرانداز ہونے کا الزام عائد کرتی ہیں۔
