قابض صہیونی حکومت نے ممتاز فلسطینی سماجی رہ نما اور بیت المقدس میں مخطوطات اسلامی کے شعبےکے نگران الشیخ ناجح بکیرات کو چھ ماہ کے لیے بیت المقدس بدرکرنے کا حکم دیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کو ذرائع سے اطلاع ملی ہے کہ صہیونی فوج نے جمعہ کے روز علی الصباح مقبوضہ بیت المقدس میں صور باھر کے مقام پر شیخ بکیرات کے گھر پر چھاپہ مارا اور ان کے گھر کی تلاشی لی۔ اس دوران شیخ بکیرات کو صہیونی بلدیہ کی جانب سے جاری کردہ ایک مراسلہ دیا گیا جس میں انہیں چھ ماہ کے لیے بیت المقدس چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے ایک منظم اسکیم کے تحت مقبوضہ بیت المقدس کی موثر فلسطینی شخصیات کو شہر بدر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ شیخ محمد البکیرات اسی سلسلے کی پہلی کڑی ہیں۔ ذرائع کے مطابق صہیونی حکومت کا اصل مقصد مقبوضہ بیت المقدس کو فلسطینیوں کے وجود سے پاک کرنا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قابض صہیونی حکومت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت فلسطینی قائدین کو انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین
