فلسطینی شہر غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان سرحدی گذرگاہ ‘‘رفح’’ کو دونوں ملکوں کے درمیان فری تجارتی علاقہ قرار دینے پرغور کیا جا رہا ہے۔
فلسطینی سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر غازی حمد کا کہنا ہے کہ قاہرہ حکومت دو طرفہ آزاد تجارت کے لیے ایک تجویز پرغور کر رہے ہیں، جلد ہی اس پر تجویز پرعمل درآمد کر لیا جائے گا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی سیکرٹری خارجہ غازی حمد نے ہفتے کے روز میڈیا کو بتایا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر مسلط معاشی ناکہ بندی کے توڑ کے لیے غزہ کی حکومت اور مصری حکام کے درمیان اس تجویز پر اتفاق ہوا ہے کہ غزہ کے بین الاقوامی بارڈر‘‘رفح’’ کو ازاد تجارت کا راستہ قرار دیا جائے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر غازی نے اس توقع کا اظہار کیا کہ رفح بارڈر کو مصری حکام کی جانب سے مستقل بنیادوں پر کھلا رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مصر میں ما بعد انقلاب بالخصوص پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کے بعد دونوں ملکوں کےدرمیان نہ صرف تعلقات میں بہتری آئی ہے بلکہ غزہ کی معاشی صورت حال میں بھی استحکام آیا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین