قلقیلیہ (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مشرقی شہر قلقیلیہ میں کفر قدوم کے مقام پر اسرائیلی نسل پرستی کے خلاف نکالی گئی ریلی کے دوران اسرائیلی فائرنگ سے ناروے کی ایک امدادی کارکن سمیت متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے کفر قدم میں فلسطینی مظاہرین پر دھاتی گولیوں سے حملہ کیا۔ فلسطینی شہری 15 سال سے بند کی گئی سڑک کھلوانے نسلی دیوار گرانے اور یہودی آباد کاری روکنے کے لیے احتجاج کررہے تھے۔اس دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے ایک دھاتی گولی ناروے کی ایک سماجی کارکن اور یکجہت کار کے پیٹ میں لگی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئیں۔
خیال رہے کہ کفر قدوم غرب اردن کے ان علاقوں میں شامل ہے جن میں فلسطینی شہری ہر ہفتے اسرائیل نسل پرستی اور نسلی دیوار کے خلاف مظاہرے کرتے ہیں۔ ان مظاہروں میں غیرملکی سماجی کارکن اور انسانی حقوق کے مندوبین بھی شرکت کرتے ہیں۔