فلسطینی قانون ساز کے ایک سرکردہ رکن کی اسرائیلی جیل میں اچانک طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق رکن اسمبلی نزار رمضان کو گذشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے زیرانتظام "سوروکا” اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا طبی معائنہ جاری ہے۔اسیر فلسطینی رکن اسمبلی کے صاحبزادے حذیفہ رمضان نے بتایا کہ اس کے والد امراض چشم، اعصابی تناؤ اور بلند فشار خون جیسے امراض میں مبتلا ہیں جبکہ ان کی گرفتاری سے قبل ان کے دل کی سرجری بھی کی جا چکی ہے۔ ڈاکٹروں نے انہیں مسلسل آرام کا مشورہ دے رکھا ہے جبکہ قابض فوج نے انہیں حراست میں لے کر جیل میں ڈالا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطینی رکن اسمبلی نزار رمضان 18 ستمبر 2013 ء کو حراست میں لیے گئے تھے۔ انہیں اسرائیلی جیل میں انتظامی حراست میں رکھا گیا ہے۔ ایک مرتبہ ان کی مدت حراست مکمل ہونے کے بعد انہیں مزید چھ ماہ کے لیے حراست میں رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
