فلسطین کے اسرائیلی زیر تسلط شہر اسدود پر مزاحمت کاروں کے تازہ راکٹ حملوں کے نتیجے میں ایک یہودی آباد کار ہلاک اور فوجیوں سمیت کئی یہودی زخمی ہوگئے ہیں۔
اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ جمعرات کو فلسطینی شہر اسدود پر درجنوں راکٹ گرے ہیں جس کے نتیجے میں ایک 68 سالہ یہودی خاتون ہلاک ہوگئی۔ خاتون فلسطینی راکٹ حملوں سے بچنے کے لیے ایک بنکر کی طرف جا رہی تھی کہ قریب ہی گرنے والے ایک راکٹ سے زخمی ہوئی اور اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئی۔ذرائع کے مطابق قبل ازیں اسدود شہر میں غزہ سے داغے گئے راکٹ کے حملے میں کار میں سوار دو یہودی آباد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے تھے۔ فلسطینیوں کے راکٹ حملوں کے نتیجے میں اسرائیل کی کئی گاڑیاں تباہ اور دیگر املاک کو غیر معمولی نقصان پہنچا ہے۔ ادھر فلسطینی مزاحمت کاروں کے ایک دوسرے حملے میں اشکول کالونی پر راکٹ گرنے سے تین اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے۔ زخمی فوجیوں کو بئر سبع کے سوروکا اسپتال لے جایا گیا ہے جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
مقبوضہ بیت المقدس میں "کفارادومیم” یہودی کالونی میں ایک راکٹ گرنے سے چار یہودی آباد کاروں کو معمولی زخم آئے ہیں جبکہ سات افراد بئر سبع میں ایک راکٹ حملے میں زخمی ہوگئے۔
