رام اللہ – (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے فلسطینی خاتون رکن پارلیمنٹ سمیرہ الحلایقہ کا دوسری بار ٹرائل شروع کردیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سمیرہ الحلایقہ کوآج سوموار کوغرب اردن کے جنوب میں قائم عوفر نامی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔گذشتہ روز اسرائیلی عدالت میں سمیرہ الحلایقہ کے ٹرائل کے لیے اسرائیلی ملٹری پراسیکیوٹر کی طرف سے درخواست دی گئی تھی جس میں خاتون فلسطینی رہنما کی حراست میں پانچ روز کی توسیع کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ پراسیکیوٹر کی درخواست کے برخلاف عدالت نے ایک روز تک اس کی مدت حراست میں توسیع کا فیصلہ دیتے ہوئے آج دوبارہ انہیں عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی پراسیکیوٹرکی طرف سے سمیرہ الحلایقہ کے خلاف اسرائیل کے خلاف اشتعال پھیلانے کے الزام کے تحت مقدمہ چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ زیرحراست فلسطینی رکن پارلیمنٹ سمیرہ الحلایقہ نے صہیونی پراسیکیوٹر کی طرف سے عائد کردہ تمام الزامات کومن گھڑت اور قطعی بے بنیاد قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ سمیرہ خلایقہ اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی سے فلسطینی قانون ساز کونسل کی رکن منتخب ہوئی تھیں۔ 53 سالہ ذیابیطس سمیت کئی دوسرے امراض کا شکار ہیں۔ انسانی حقوق کی تنظیم ضمیر ان کے کیس کو فالو کر رہی ہے۔ سمیرہ الحلایقہ کے خلاف ماضی میں بھی صہیونی ریاست کے خلاف سوشل میڈیا پر نفرت پھیلانے کے الزام میں مقدمات چلائے جاتے رہے ہیں۔