(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) غزہ میں موجود فلسطینی جماعتوں اور قومی رہنماؤں نے مصر کی جانب سے اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ پر مصری پراسیکیوٹر جنرل ہشام برکات کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام کی مذمت کی ہے۔
غزہ میں کی جانے والی ایک پریس کانفرنس میں فلسطینی جماعتوں نے ان الزامات کو غیر منصفانہ قرار دیا اور کہا کہ ان سے صرف اسرائیل کو فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے مصری حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ حماس رہنماؤں سے براہ راست رابطہ کرے تاکہ اس من گھڑت بحران کا حل نکالا جاسکے۔اس بیان میں فتح کے رہنماؤں پر تنقید کی گئی جو کہ ان الزامات کو مزید ہوا دے کر صورتحال سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں۔
اس موقع پر فلسطینی اسکالر عدنان ابو عامر نے انکشاف کیا کہ مصر کی جانب سے الزامات ایسے موقع پر لگائے گئے ہیں کہ جب حماس کا وفد قاہرہ جا کر دو طرفہ تعلقات میں بہتری کی کوشش کرنے والا تھا۔
