ڈیموکریٹک فرنٹ برائے آزادی فلسطین نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کریمنل کورٹ میں جائے اور اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف قانونی کارروائِی کرے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل کو قلندیہ مہاجر کیمپ میں 3 فلسطینیوں کے قتل پر قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے۔
تنظیم کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے ایک پریس ریلیز میں فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بین الاقوامی عدالت نے جائے تاکہ اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ علاقوں میں فلسطینیوں کے خلاف جاری مظالم کو دنیا کے سامنے لایا جاسکے۔
انہوں نے فلسطینی اتھارٹی کی قیادت کی جانب سے مذاکرات کی میز پر واپس کے لئے اپنے بین الاقوامی عدالت انصاف میں جانے کے عزم سے پیچھے ہٹنے اور اسرائیل کی آبادکاری سرگرمیوں کو ختم کرنے کے مطالبے کے بغیر اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کروائے بغیر مذاکرات بحالی کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی قیادت کے امریکی اور اسرائیلی دبائو کے سامنے جھکنے کی وجہ سے فلسطینی عوام روزانہ یہودی آبادکاروں اور اسرائیلی فوجیوں کے حملوں کا شکار ہورہے ہیں۔ تنظیم نے فلسطینی اتھارٹی سے کہا کہ وہ مذاکرات کو فوری طور پر روک دے اور عوامی جذبات کا احترام کرے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین