غزہ یونیورسٹی کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر ڈاکٹر فرید صبح القیق کو اکیسویں صدی کے بہترین سائنسدانوں کی فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔ برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے انٹرنیشنل ببلیوگرافیکل سنٹر (IBC) کے زیر اہتمام 2013 کے لیے تیار کی گئی 2000 افراد کی فہرست میں صبح القیق بھی شامل ہیں۔
IBC کے پروفیسر نیکولا لو کی جانب سے ڈاکٹر صبح القیق کو ایک پیغام موصول ہوا جس میں تصدیق کی گئی کہ ان کا نام اکیسویں صدی کی بہترین شخصیات کی فہرست کے لیے چن لیا گیا ہے۔ اس انتخاب کے بعد ان کا نام who is who in the world 2012 نامی کتاب میں شامل کر لیا جائے گا۔ یہ کتاب امریکی ادارے ’’Marquis who’s who کے زیر اہتمام شائع ہوتی ہے جس میں اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں ترین خدمات سرانجام دینے والوں کا تعارف پیش کیا جاتا ہے۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر القیق نے سال 2004ء میں برطانیہ کی نوٹنگھم یونیورسٹی سے سماجی منصوبہ بندی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ غزہ کی اسلامک یونیورسٹی میں پندرہ سال سے زائد عرصے سے پروفیسر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔
یونیورسٹی میں وہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ڈین ہیں، اس سے قبل وہ فیکلٹی آف انجینئرنگ کے ڈپٹی چیئرمین اور ڈیپارٹمنٹ آف ایگری کلچر کے ڈین بھی رہے ہیں۔ وہ یونیورسٹی میں زراعتی ورثے کے مرکز کے سربراہ بھی رہے ہیں۔
اس سے قبل ’’یورپین ہاؤس فار یورنیورسٹیز پبلکیشنز ‘‘ نے ڈاکٹر القیق کے مقالے کو کتابی شکل میں چھاپا تھا، اس کتاب کا عنوان Sustainable Urban planning and Environment تھا۔ یہ کتاب دنیا بھر میں عمرانیات کے ماہرین کے درمیان زبردست پذیرائی حاصل کر چکی ہے۔
ڈاکٹر صبح القیق بہت سی انٹرنیشنل کانفرنسز میں اپنی تحقیق پیش کر چکے ہیں، ان کے مضامین دنیا بھر کے تحقیقی مجلات کی زینت بنتے رہتے ہیں۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
