بائیس ممالک پر مشتمل عرب لیگ نے اسرائیلی عقوبت خانوں میں طویل بھوک ہڑتال کرنے والے فلسطینی اسیران کی حمایت اور مدد کے حوالے سے کل منگل کے روز ایک ھنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
اس اجلاس میں اسرائیلی جیلوں میں طویل عرصے سے کچھ نہ کھانے والے فلسطینیوں کی رہائی اور اسرائیل کو تبادلہ اسیران معاہدے کی شقوں پر مجبور کرنے کے اقدامات پر غور کیا جائیگا۔
عرب لیگ کے سفارتی ذرائع کے مطابق فلسطینی اسیران کے معاملے پر اجلاس ھنگامی طور پر بلایا گیا ہے ، مقصد صہیونی عقوبت خانوں میں طرح طرح کے مظالم اور تکالیف سہنے والے قیدیوں کو آسانی فراہم کرنے کی اقدامات اٹھانا ہیں بالخصوص طویل عرصے سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے معروف فلسطینی رہنما سامر عیساوی کی رہائی کی کوششیں کرنا ہے۔
عرب لیگ اس اجلاس میں ستمبر دو ہزار گیارہ میں ہونے والے حماس اور اسرائیل کے مابین تبادلہ اسیران معاہدے پر عمل درآمد کے لیے اسرائیل پر دباؤ بڑھانے اور بے گناہ فلسطینیوں کی رہائی کے معاملے پر اپنا لائحہ عمل طے کر یگی۔ اسی طرح بغداد میں ہونے والی عالمی اسیران کانفرنس کی سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا جائیگا۔ امید کی جا رہی ہے عرب لیگ کے اس اجلاس میں فلسطینی اسیران کی مدد میں اہم اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین
