(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) صہیونی فوج نے فلسطین میں اسیران کے حقوق کے لیے کام کرنے والے ادارے’کلب برائے اسیران‘ کے ڈائریکٹر کو بیت المقدس سے حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق کلب برائے اسیران کے مندوب مفید الحاج نے بتایا کہ گذشتہ شام اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ بیت المقدس میں ایک کارروائی کے دوران کلب کے ڈائریکٹر ناصر قوس کو حراست میں لینے کے بعد ایک خفیہ مقام پر حراستی مرکز منتقل کر دیا ہے۔الحاج نے بتایا کہ ناصر قوس کی گرفتاری کے حوالے سے اسرائیلی فوج کی جانب سے ایک وضاحتی بیان بھی سامنے آیا جس میں کہا گیا ہے کہ القوس کو اسرائیل کے خلاف اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں حالیہ ایام میں اسرائیلی فوج اور پولیس کی طرف سے سیاسی اور سماجی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔