مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطینی محکمہ اسیران کے چیئرمین عیسیٰ قراقع نے رام اللہ میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمان میں وسط ستمبر کو منعقد ہونے والی دو روزہ کانفرنس میں عالمی قوانین کے ماہرین سمیت سیاسی رہ نما اور انسانی حقوق کے مندوبین شرکت کریں گے۔
عیسیٰ قراقع کا کہنا تھا کہ دو روزہ کانفرنس کے اختتام پر ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا جس میں فلسطینی اسیران کے معاملے کو بین الاقوامی فوج داری ٹریبونل میں اٹھانے اور تحریک آزادی کی پاداش میں گرفتار کیے گئے فلسطینیوں کے عالمی قوانین کے مطابق مقدمات کو نمٹانے کی سفارش کی جائے گی۔
قبل ازیں عیسٰی قراقع نے اپنے دورہ مصر کے دوران عرب لیگ کے سیکرٹری جنرل نبیل العربی سے بھی اسرائیلی جیلوں میں قید فلسطینی خواتین ، مردوں اور بچوں کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی ہے۔ انہوں نے عرب لیگ کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی اسیران کے ایشو کو عالمی سطح پر اٹھانے کے لیے اہم کردار ادا کریں۔
