فلسطین کے مقبوضہ بیت المقدس میں شہریوں نے اپنے اسیر بھائیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پانی اور نمک سے روزہ افطار کرنے کا منفرد مظاہرہ کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق بیت المقدس میں سیکڑوں روزہ داروں نے تین ماہ سے بھوک ہڑتال کرنے والے اسیر عبداللہ البرغوثی اور دیگراسیران سے اظہار یکجہتی کے لیے بیت المقدس میں شیخ جراح کے مقام پر ریڈ کراس کے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ احتجاجی کیمپ میں شریک روزہ داروں نے اسیران سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پانی اور نمک سے روزہ افطار کیا۔
فلسطینی احتجاجیوں کے کو آرڈینٹر اسامہ برھم نے بتایا کہ ریڈ کراس کے دفتر کے باہر جمع شہریوں کا کسی جماعت یا سیاسی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ شہری رضا کارانہ طور پر اپنے اسیر بھائیوں سے اظہار ہمدردی کرتےہوئے پانی اور نمک سےروزے افطار کرتے ہیں۔ مسٹر اسامہ کا کہنا تھا کہ اگرچہ پانی اور نمک سے روزہ افطاری کا رحجان چند سو افراد کی جانب سے کیا گیا ہے لیکن یہ ایک مثبت سوچ ہے، اسے فلسطین کے دیگرعلاقوں تک پھیلانے کی بھی ضرورت ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
