مقبوضہ بیت المقدس (فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے شمالی قصبے قلندیہ کے باسیوں میں حکمنامہ تقسیم کئے ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ اہالیاں علاقہ بغیر اجازت تعمیر کردہ اپنے مکانات گرا دیں۔
فلسطین نیوز کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی رضاکار محمود عوض اللہ نے بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے کچھ خاندانوں کو تین گھروں کو گرانے سے متعلق حکم نامے دیے ہیں۔ انہی خاندانوں کو دو ہفتے قبل اپنے گھر گرانے سے متعلق زبانی حکم دیا گیا تھا۔مقامی افراد کا کہنا ہے کہ قلندیہ کے بعض رہائشیوں کو اتوار کے روز اپنے گھروں کے کچھ حصے اس لئے خود ہی مسمار کرنا پڑے کیونکہ اگر انہیں عدم پیروی کی بنا پر اسرائیلی انتظامیہ خود گراتی ہے تو ایسے گھروں کے مالکان سے بھاری جرمانہ بطور فیس لیا جا تا ہے۔