(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج اور فلسطینی شہریوں کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں جہاں ایک اسرائیلی فوجی اور متعدد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی خبریں آئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شام مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر قلقیلیہ میں کفر قدم کے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی شہریوں کی ایک ریلی پر آنسوگیس کی شیلنگ شروع کی تو جواب میں فلسطینیوں نے بھی قابض فوجیوں پر سنگ باری کی۔ آنسوگیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج سے درجنوں افراد زخمی ہوئے جب کہ فلسطینیوں کی سنگ باری سے بھی ایک اسرائیلی فوجی اہلکار زخمی ہوا ہے، جسے فوجی ایمبولینس کی مدد سے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غرب اردن کے مختلف شہروں میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ اسرائیلی فوج نے بیت اور مغربی کنارے کو ملانے والے راستوں پر بلاک رکھ کرانہیں بند کردیا۔
رپورٹ کے مطابق کفر قدوم کے مقام پر فلسطینی نقاب پوش نوجوانوں نے ایک فوجی گاڑی پر سنگ باری کی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار کو درمیانے درجے کے زخم آئے ہیں۔ اسے بیلنسون نامی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
قبل ازیں اسرائیلی فوجیوں نے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں چھاپہ مار کارروائیوں میں 8 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا تھا۔
مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ قلقیلیہ میں فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں میں تصادم اس وقت ہوا جب قابض فوجیوں نے کفر قدوم اور اس سے متصل دوسرے قصبات کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو بند کرکے گھر گھر تلاشی کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
مغربی کنارے کے دوسرے شہروں نابلس، بیت لحم اور سلفیت میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فورسز کے درمیان تصادم کی اطلاعات آئی ہیں۔ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر لاٹھی چارج کیا ہے۔
